چوہدری نثار کے انٹرویو پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی بول پڑے

چوہدری نثار کے انٹرویو پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی بول پڑے
کیپشن: فوٹو فائل

لاہور : سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چوہدری نثارکمرے کی باتیں باہرلے آئے جس پر افسوس ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے میرے متعلق جو بات کہی،مجھے ایسا کچھ یاد نہیں۔ سابق وزیراعظم نے سابق چوہدری نثار کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کمرے کی باتیں کمرے میں ہی رہنی چاہئیں ،بہت سی میٹنگز ہوتی ہیں بہت سی باتیں ہوتی ہیں، کوئی ایسی بات مجھے یاد نہیں۔ سیاستدانوں کی خاموشی ملک کے لیے نقصان دہ ہے مگرمیاں صاحب خاموش نہیں، عدالتوں کے چکر لگارہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں کسی سیاستدان نے اتنی پیشیاں نہیں بھگتیں جتنی نواز شریف نے بھگتی ہیں۔ حکومت سے 100دن میں کچھ نہیں ہوا،مزید 100دن لے لیں۔


اس سے قبل سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو لایا گیا ہے، عمران خان کو بیٹنگ وکٹ ملی ہے جس میں نہ پیس ہے اور نہ وہ سپن لے رہی ہے۔ عمران خان کو ایسی بیٹنگ وکٹ ملی جہاں انہیں صرف سیدھا کھیلنا ہے، لیکن وہ پہلے سیدھا کھیلیں تو سہی، اچھی ٹیم میدان میں اتاریں۔ عمران خان کو ق لیگ کی حکومت سے بھی بہتر ماحول ملا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب بلا تفریق ہونا چاہیے، یہ کوئی احتساب نہیں کہ اپوزیشن کو رگڑا دیا جائے لیکن حکومت کے ساتھ شامل لوگوں کو کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ اس سوال ، کیا عمران خان کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیراعظم ہیں ؟ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لایا گیا ہے، اس کے آگے بہت کچھ کہہ سکتا ہوں لیکن نہیں کہوں گا۔

عام انتخابات سے چار ہفتے قبل ایک دوست کے گھر پر عمران خان سے ملاقات ہوئی تھی جس میں انہوں نے مجھے پی ٹی آئی میں شرکت کی پیشکش کی تھیں لیکن میں نے انکار کر دیا، سیاسی صورتحال کے باعث مجھے پتہ تھا کہ وہ وزیراعظم بن رہے ہیں۔