فیض آباد دھرنا میں نواز شریف کو اعتماد میں لیا گیا تھا

فیض آباد دھرنا میں نواز شریف کو اعتماد میں لیا گیا تھا


اسلام آباد: تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کی طرف سے دیئے گئے دھرنے کے خاتمے کے مرحلے پر طے پانے والے معاہدے پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کو اعتماد میں لیا تھا اور معاہدے کے مندرجات سے متعلق انہیں آگاہ کیا گیا تھا جبکہ وزیر داخلہ احسن اقبال نے منگل کو پنجاب ہائوس میں میاں نواز شریف سے ملاقات کر کے انہیں دھرنے کے خاتمے کے مراحل اور دیگر صورتحال پر بریفنگ کیا۔


ذرائع کے مطابق دھرنے کے خاتمے سے پہلے ہونے والے مذاکرات اور معاہدے کے مندرجات پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو اعتماد میں لیا تھا اور انہیں مجوزہ معاہدے کے چیدہ چیدہ نکات سے آگاہ کیا تھا تاہم اس وقت تک یہ طے نہیں پایا تھا کہ معاہدے پر فریقین کی طرف سے کون کون دستخط کرے گا۔


ذرائع کے مطابق نواز شریف کو آگاہ کیا گیا تھا کہ قومی قیادت کی مشاورت کے بعد دھرنا ختم کرانے کی حتمی کوششیں کی گئی تھیں ۔ دریں اثناء ذرائع کے مطابق منگل کو وزیر داخلہ احسن اقبال نے میاں نواز شریف سے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی اور انہیں دھرنے کی صورتحال، معاہدے اور دیگر امور پر بریفنگ بھی دی۔