ہرارے: زمبابوے کے صدر ایمرسن منانگاگوا نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے تین دن بعد سابق صدر موگابے کی تشکیل کردہ کابینہ کو تحلیل کر دیا۔ اے ایف پی کے مطابق صدر کے چیف سیکریٹری مشیک سباندا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر ایمرسن منانگاگوا جلد ہی نئی کابینہ تشکیل دیں گے اور اس حوالے سے مشاورتی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری نے مزید بتایا کہ صدر منانگاگوا نے پیٹرک چیناماسا کو قائمقام وزیر خزانہ اور سمبراشے ممبینگیگوی کو قائمقام اعلیٰ سفارت کار کے طور پر نامزد کر دیا ہے تاکہ اہم وزارتوں کے کاموں میں خلل نہ پڑے۔ تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ صدر منانگاگوا اپنی نئی کابینہ کا اعلان کب تک کریں گے۔
واضح رہے کہ سابق صدر موگابے کی جانب سے نائب صدر ایمرسن مننگاوا کی برطرفی کے بعد ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوا تھا جس کے بعد فوج نے 15 نومبر کو اہم سرکاری اداروں کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے موگابے کو ان کی رہائش گاہ تک محدود کر دیا تھا۔
ایمرسن مننگاوا کو 93 سالہ رابرٹ موگابے کے بعد صدارت کا ممکنہ امیدوار سمجھا جاتا تھا تاہم موگابے اپنی اہلیہ کے اقتدار میں آنے کی راہ ہموار کرنا چاہتے تھے۔ بعدازاں فوج کی جانب سے دباؤ کے بعد رواں ماہ 21 نومبر کو رابرٹ موگابے نے زمبابوے کے صدر کی حیثیت سے استعفیٰ دیا جس کے ساتھ ہی ان کی 37 سالہ حکمرانی کا اختتام ہو گیا تھا۔ جس کے بعد ایمرسن منانگاگوا نے 24 نومبر کو زمبابوے کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں