کولکتہ : بھارتی فلم انڈسٹری کے کامیاب گیت نگار اور ادیب جاوید اختر کا کہنا ہے کہ بالی و وڈ میں موسیقی کا معیار نمایاں طور پر گرا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ جہاں اخلاقیات کے اور بہت سے معیارات میں تبدیلیاں آئیں وہاں بالی ووڈ کی موسیقی کا معیار پہلے جیسا نہیں رہا بلکہ گر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مادہ پرستی کے دور میں ہم نے موسیقی، شاعری، ادب اور فنون لطیفہ کو کہیں بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ہمارے بچے اب گھروں یا سکولوں میں فنون لطیفہ، ادب، شاعری یا موسیقی سے نابلد ہوتے ہیں اور جب یہی بچے بڑے ہوتے ہیں تو یہ اشیاءان کے لئے اجنبی ہوتی ہیں۔ اس لئے ان سے ان اشیاءکی خدمت کی توقع رکھنا عبث ہے اور غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے الفاظ کا ذخیرہ کم ہو رہا ہے اور ہماری گرائمر زوال پذیر ہے۔