برطانیہ، پاکستان سے ازسرنو تعلقات قائم کرنے کا خواہش مند ہے ِ،بورس جانسن

برطانیہ، پاکستان سے ازسرنو تعلقات قائم کرنے کا خواہش مند ہے ِ،بورس جانسن

اسلام آباد: برطانیہ دوطرفہ تجارت میں اضافے، اقتصادی، سیکیورٹی اور ثقافتی تعاون کے ذریعے پاکستان سے اپنے دیرینہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور یورپی یونین سے انخلا سے قبل عالمی سطح پر خود کو دوبارہ کھڑا کرنے کا خواہاں ہے۔

اسی سلسلے میں برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن تعلقات کو دوبارہ استوار کرنے کے لیے ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے تھے۔اپنے دورے کے دوران ڈان کو انٹرویو دیتے ہوئے بورس جانسن نے کہا کہ برطانیہ، پاکستان سے ازسرنو تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔وزیر اعظم نواز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’ہم یہاں جو پیغام دینا چاہتے ہیں وہ یہ ہے کہ برطانیہ پاکستان کا حامی ہے، ہم پاکستان کو درپیش کئی مسائل کو سمجھتے ہیں جس میں ہم اس کی مدد کرنے کے لیے موجود ہیں اور ساتھ ہی دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بھی فروغ دینا چاہتے ہیں۔‘

بریگزٹ کے ووٹ کے بعد برطانوی حکومت اپنی خارجہ پالیسی پر ازسرنو کام کر رہی ہے اور خطے میں اپنے پرانے تعلقات پر خصوصی زور دے رہی ہے۔بریگزٹ ووٹ کے بعد کی پالیسی کے حوالے سے بورس جانسن نے کہا کہ ’اب برطانیہ زیادہ قوت کے ساتھ دنیا سے اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔‘