اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے ختم کرنے کے لئے تین افراد کو انگیج کرلیاگیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر ویڈیو پیغام میں کہاکہ 20 دن سے میری بہنوں، بھتیجوں، بھائیو ں کے گھروں پر پولیس مسلسل چھاپے مار رہی ہے، والدہ کے گھر کو بھی توڑ پھوڑ دیا ہے۔ ملک میں نہیں تھا اس کے باوجود 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی کیوں کہ پاک فوج کو عظیم اور ملک کا محافظ سمجھتا ہوں۔
انہوں نے ٹویٹر پر ویڈیو پیغا م میں مزید کہاکہ میں بزدل نہیں ہوں، دوستی و دشمنی قبر کی دیوار تک نبھاؤں گا۔ تین آدمیوں کو مجھے ختم کرنے کے لیے انگیج کیا گیا ہے، بتانا چاہتا ہوں دفاع کا حق رکھتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہاکہ حقیقی حکومت کے ذمہ داران کو لکھ دیا ہے۔ زیادتی کی حد ہوتی ہے، پی ڈی ایم انتقام کو اس سطح پر لے جارہی ہے کہ جو فصل وہ بو رہے ہیں وہ خود انہیں بھی کاٹنی ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 20 دن سے صرف ٹویٹ کر رہا ہوں۔ ٹویٹر سے اگر خوفزدہ ہیں تو جب تک گرفتار نہیں ہوتا ٹویٹ جاری رہیں گے۔ قوم کو بتانا چاہتا ہوں جو لوگ پارٹی چھوڑ کر جارہے ہیں وہ کمزور ہوسکتے ان کے کیسز ہوسکتے ہیں وہ دباؤ برداشت نہیں کرسکتے ہوں گے۔ جب تک عمران خان یہ لڑائی لڑرہا ہے اس کے ساتھ کھڑا ہوں۔ میں سچ کا حق کا جھنڈا بلند رکھوں گا بے شک میری جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔