فیصل آباد: ملک کی ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے جس میں دو طرح کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی اور یہ ڈرامہ آج رات کیے جانے کا امکان تھا لیکن ایجنسیوں نے بروقت اسے ناکام بنایا۔
وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ خفیہ ایجنسیوں نے ایک گفتگو پکڑی ہے، گفتگو میں دو طرح کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی، کسی خاتون کا ریپ کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا تھا جسے عالمی سطح پر اچھالا جا سکے اور دوسرا یہ منصوبہ بھی بنایا جا رہا تھا کہ کسی پی ٹی آئی رہنما کے گھر فائرنگ کی جائے ,جسے روکا گیا۔
فیصل آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رانا ثنا اللہ نے کہا کہ منصوبہ بنایا گیا کسی پی ٹی آئی رہنما کے گھر چھاپے کے دوران فائرنگ بھی ہو، انہوں نے اب انتہائی گھٹیا ڈرامہ رچانے کی منصوبہ بندی کی ہے، عمرانی فتنے کا مقصد تھا کہ لوگوں کو گمراہ کیاجائے ۔ منصوبے پر آج رات ہی عمل ہونا تھا لیکن ایجنسیوں نے بروقت ایسے گھناؤنے ڈراموں کو ناکام بنایا۔
رانا ثناء اللہ کا ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران مزید کہنا تھا عمران خان نے جس ٹولے کو پروان چڑھایا وہ شدت پسند ہے، 9 مئی کو قوم اور ملک کے ساتھ ظلم کیا، شہدا کی فیملی کو انہوں نے دکھ اور رنج سے دوچار کیا، انہوں نے اداروں کو تقسیم کرنے کی ناپاک کوشش کی، جب یہ ٹولہ ناکام ہوا تو کوشش کی کہ اس معاملے کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا رنگ دیا جائے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ نو مئی کو جن لوگوں نے دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا انکے خلاف کارروائی کی جائے گی، اگر کوئی بے گناہ ہے تو اسے بلکل بھی ان واقعات کے ساتھ منسلک نہیں کیا جائے گا۔