لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون آج یوم تکبیراور یوم تشکر کے حوالے سے لاہور کے لبرٹی چوک پر میلہ سجائے گی، چیف آرگنائزر مریم نواز اور دیگر قائدین تقریب میں شرکت کریں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی چیف آرگنائزر مریم نواز اس میلے کی قیادت کریں گی اور 28مئی کی یاد کو تازہ کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق مریم نواز آج شام چھ بجے جلسے سے خطاب بھی کریں گی۔
لاہورلبرٹی چوک میں یوم تکبیر کےحوالے سے ن لیگ کے جلسے کے لیے مرکزی اسٹیج بھی لگایاجاچکاہےجہاں سے قائدین خطاب کرکے کارکنان کالہوگرمائیں گے۔ رات گئےکارکنان اور قائدین بھی یہاں وزٹ کرنے آئے تھے، ابھی بھی چندکارکنان لبرٹی چوک موجود ہیں۔
چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے لاہور کی تنظیم کو زیادہ سے زیادہ کارکنان لانے کی ہدایات جاری کر دیں، تمام سابقہ اراکین اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے حلقوں سے کارکنان کو لانے کا کہا گیا ہے۔
مسلم لیگ نون کا دعویٰ ہے کہ آج عوام کی بہت بڑی تعداد لبرٹی چوک کا رُخ کرے گی۔
واضح رہے 25 برس قبل اسی روز پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کے جواب میں اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا تھا، یہ وہ یادگار دن ہے جب پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی 7 ویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اسی دن کو یوم تکبیر کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔