کراچی : کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں 2 گروپوں میں تصادم سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ دو گروپوں کے درمیان پلاٹ کے تنازع پر کئی روز سے کشیدگی تھی ۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ملیر عرفان علی بہادر کے مطابق واقعہ ملیر میمن گوٹھ کے علاقے درسانوں چھنوں میں زمین کے تنازعے پر پیش آیا۔ پلاٹ پر حق ملکیت کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق تصادم جوکھیو اور حیدری فقیر گروپ کے درمیان ہوا۔ واقعے میں دو افراد موقع پر اور 8 افراد زخمی ہوئے جبکہ دو افراد اسپتال پہنچائے جانے کے دوران ہلاک ہوئے۔
ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں دونوں برادریوں کے افراد شامل ہیں۔ دونوں برادریوں میں علاقے میں چوری کی وارداتوں پر بھی تنازع چلا آرہا ہے۔ جوکھیو برادری کے افراد کا مطالبہ تھا کہ حیدری فقیر برادری کے چند نوجوان ان وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ایس ایس پی ملیر کے مطابق جو کھیو برادری نے مخالف برادری کے لوگوں سے جرائم پیشہ افراد کو علاقے سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا، ایس ایس پی کے مطابق ڈیڑھ سال سے جاری اسی تنازعے پر دونوں گروہوں میں مسلح تصادم ہوگیا۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے دونوں گروپوں کے 15 سے زائد ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار ملزمان سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔