اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملکی فلمی صنعت کو ریلیف دینے کے لئے فلم اینڈ کلچر پالیسی 2018 کی بحالی کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ فلم وثقافت کے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مرتب کردہ تجاویز کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلم اینڈ کلچر پالیسی 2018 کو بحال کردیا ہے۔ جلد سفارشات تیار کرکے وزیراعظم کو پیش کریں گے ۔ پنجابی فلم ہماراقیمتی اثاثہ ہے جس پر اس وقت جمود طاری ہے۔ اس میں پھر جان ڈالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کے لئے تیار ہونے والے مواد پر خصوصی رعایت دیں گے تاکہ بچوں کے لئے بہترین فلم میں ، کارٹون، ڈرامے، کہانیاں اور تعلیم و تربیت سے متعلق پروگراموں کی حوصلہ افزائی ہو۔ فلم کو صنعت کا درجہ دے رہے ہیں ، صنعت کے طور پر اس شعبے کو رعایتی دیں گے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فلموں کی کہانی، معیار، ٹیکنالوجی بہتر بنانا اس قومی پالیسی کا حصہ ہے ۔ سینما گھرو ں کی بحالی، نئے سینما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کے لئے مراعات شامل ہیں ۔ عوام کو تفریح کی فراہمی کے لئے ٹکٹ کی قیمت کم، شوٹنگ کے لئے اجازت ناموں کو آسان بنائیں گے۔