اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ سے کمانڈنٹ فرنٹیر کانسٹیبلری صلاح الدین محسود کی ملاقات ہو ئی ۔ملا قات میں ایف سی کے ملکی امن امان برقرار رکھنے میں کردار اور دیگر پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران ایف سی نے اسلام آباد میں امن امان برقرار رکھنے میں مقامی پولیس کو بہت سپورٹ دی۔
کمانڈنٹ فرنٹیر کانسٹیبلری نے وزیر داخلہ کو فورس کے کام اور دائرہ کار سے متعلق آگاہ کیا۔ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ ملکی امن و امان میں ایف سی کا کردار بہت اہم اور قابل ستائش ہے۔ خیبر پختونخوا اور ضم شدہ اضلاع میں امن و امن برقرار رکھنے میں ایف سی نے انتہائی موثرکام کیاہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران ایف سی نے اسلام آباد میں امن امان برقرار رکھنے میں مقامی پولیس کو بہت سپورٹ دی۔ پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے ہاتھوں ایف سی کے کئی اہلکار زخمی بھی ہوئے ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ تشدد کے باوجود ایف سی اہلکاورں نے لانگ مارچ کے دوران انتہائی نظم وضبط اورتحمل کا مظاہرہ کیا۔ ایف سی اہلکاروں اور انکے کمانڈرز کا پیشہ ورانہ کردار قابل تعریف ہے۔ ایف سی کو ایک موثر فورس بنانے کیلئے تمام ضروری مالی اورتکنیکی وسائل فراہم کرینگے۔
کمانڈر ایف سی نے کہا کہ پاکستان بھر میں فرنٹیر کانسٹیبلری کی تعداد اٹھائیس ہزار جوانوں پر مشتمل ہے۔امن وامان کیلئے ایف سی وزارت داخلہ کے زیر انتظام فرائض انجام دیتی رہے گی۔