لاہور: کانز فلم فیسٹیول میں پاکستان نے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ، فلم “جوائے لینڈ” نے جیوری پرائز جیت لیا ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل پلیٹ فارم پر پہلی بار کوئی پاکستانی فلم نمائش کے لیے پیش کی گئی اور پہلی بار ہی میں جیوری پرائز جیت لیا ۔
فلم جوائے لینڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے جیوری کی سربراہ فرانسیسی ڈائریکٹر کیتھرین کورسینی نے کہا کہ یہ ایک نہایت ہی شاندار فلم ہے جو ہر اس چیز کی نمائندگی کرتی ہے جس کیلئے ہم کھڑے ہیں اور کوشش کرتے ہیں ۔
کیتھرین کورسینی نے مزید کہا کہ فلم جوائے لینڈ کی گونج پوری دنیا میں سنی جائے گی کیونکہ اس میں مضبوط کردار ہیں جو پیچیدہ تو ہیں مگر حقیقی بھی ہیں ، انہوں نے کہا کہ فلم میں کچھ بھی مسخ نہیں کیا گیا ، اس فلم نے ہمیں لاجواب کر دیا ہے ۔
جوائے لینڈ نے کئی دیگر مضبوط نامزدگیوں کو پیچھے چھوڑ دیا جن میں بیلجیئم کے ڈائریکٹر لوکاس دھونٹ کی ’کلوز‘ اور کیرل سیریبر ینیکوف کی چائیکووسکیز وائف شامل ہیں ، دونوں فلمیں کانز فیسٹیول کے سب سے بڑے ایوارڈ ’پالم ڈی او‘ کی پرجوش امیدوار ہیں جس کا اعلان آج کیا جائے گا ۔
خیال رہے کہ اس فلم میں ثروت گیلانی ، ثانیہ سعید ، علی جونیجو ، علینہ خان اور رستی فاروق شامل ہیں ۔
اس موقعہ پر ثروت گیلانی نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایسا محسوس ہوا ہے کہ ہم لوگ جتنی محنت کرتے ہیں ، پاکستان میں بطور فنکار ہمیں جس جدوجہد کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اس سب کی محنت بالآخر وصول ہو گئی ہے ۔