اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم سستا پٹرول پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں ۔ پٹرول قیمتوں میں مزید اضافہ کرتے تو مہنگائی مزید بڑھتی ۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ پٹرول کی قیمت یکم جون کو بڑھے گی یا نہیں ۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے ۔ اسٹاک مارکیٹ کی پوزیشن بھی اس وقت بہتر چل رہی ہے ۔ امید ہے بینکوں کی بھی اچھی پوزیشن ہو جائے گی ۔ گزشتہ حکومت کی نااہلی سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آیا ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف غریب پرور شخص ہیں ، وہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ماہانہ 2 ہزار غریب افراد کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جن لوگوں کی ماہانہ آمدنی 40 ہزار سے کم ہے انہیں یہ امداد دی جائے گی ۔ 786 نمبر پر یکم جون پر ایس ایم ایس کرکے اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں ۔ شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے تصدیق کے بعد 2 ہزار روپے ادا کئے جائیں گے ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ غریب افراد کو ماہانہ 2 ہزار روپے امداد دینے پر 28 ارب خرچ ہوں گے ۔ 37 فیصد غریب ترین افراد کو یہ ماہانہ امداد حکومت کی طرف سے ملے گی ۔ پیکج کے تحت ایک کروڑ 40 لاکھ لوگوں کو ماہانہ 2 ہزار روپے ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام کی مدد کرنا حکومت کا اولین فرض ہے ۔