اسلام آباد،وفاقی وزیرداخلہ نے ڈائریکٹر جنرل نادرا کراچی کو عہدے سے برطرف کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے کراچی میں تعینات ڈائریکٹر جنرل کو عہدے سے برطرف کردیا۔و فاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے غیر ملکیوں کے شناختی کارڈ اجرا کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نادرا کراچی عجم خان درانی کو عہدے سے ہٹا یا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے عجم خان کو فوری طور پر کراچی سے چارج چھوڑنے اور ہیڈکوارٹر میں بطور خصوصی ڈیوٹی افسر (او ایس ڈی) کا عہدہ سنبھال کر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے ڈی جی نادراکراچی کو عہدے سے ہٹانے اور نئی ذمہ داری دینے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
یاد رہے کہ امیر عجم خان درانی کو 2018 میں ڈی جی نادرا تعینات کیا گیا تھا، انہوں نے تین سال دو ماہ اس عہدے پر ذمہ داریاں انجام دیں۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد دو روز قبل وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر کراچی پہنچے تھے، انہوں نے صوبے میں امن و امان کے حوالے سے اہم ملاقاتیں کیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے نادرا میں جاری مسائل کے حوالےسے مختصر گفتگو بھی کی تھی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’نادرا میں موجود کرپٹ ملازمین کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا‘۔