اسلام آباد: وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے ویکسین سے دو سال کے اندر مرنے کی خبر کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوبیل انعام یافتہ سائنس دان نے کبھی نہیں کہا کہ ویکسین لگانے والے دو سال کے عرصے میں مرجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں ویکسین سے دو سال کے اندر مرنے کی خبر کو جعلی اور بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کوئی سائنسی تحقیق ویکسین لگوانے سے دوسال کے اندر موت واقع ہونا ثابت نہیں کرسکتی، تمام ویکسین تحقیق اور ٹسٹنگ مراحل سے گزر کر عوام تک پہنچتی ہیں۔
وزرات صحت کا مزید کہنا ہے کہ نوبل انعام یافتہ سائنس دان لوچ مونتیگز نے کبھی نہیں کہا کہ ویکسین لگانے والے دو سال کے اندر مرجائیں گے اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں جعلی ہیں۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ہزار 625 کورونا ٹیسٹ کئے گئے۔
نئے ٹیسٹوں کے بعد مجموعی کورونا ٹیسٹ کی تعداد 13,057,95 ہوگئی ہے اور 2 ہزار 482 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے باعث پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 913,784 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 19 سال سے لے کر سب کیلئے ویکسین کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے اور حکومت کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ تمام افراد ویکسین ضرور لگوائیں تاکہ موذی وائرس سے محفوظ رہ سکیں جبکہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ویکسین کے باوجود اگر کوئی کورونا وائرس کا شکار ہوتا ہے تو اس کی شدت کم ہوتی ہے۔