فلسطینیوں کی جبری بیدخلی سے جنگ دوبارہ چھڑ سکتی ہے، انتھونی بلنکن

09:33 PM, 28 May, 2021

واشنگٹن: امریکہ کے سیکریٹری خارجہ انتھونی بلنکن نے خبردار کیا ہے کہ یروشلم میں فلسطینی خاندانوں کو گھروں سے بے دخل کرنے سے نہ صرف تناؤ و تنازع جنم لے سکتا ہے بلکہ جنگ بھی دوبارہ چھڑ سکتی ہے۔

انہوں نے ایکزیوس ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ سب سے اہم معاملہ غزہ میں جنگ بندی، غرب اردن اور القدس میں امن کی بنیاد رکھنا ہے۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے آخر میں فلسطینی خاندانوں کو مشرقی بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام سے بے دخل کرنے کی انتہا پسندوں کی کارروائیوں کے بعد فلسطین میں‌ کشیدگی پھیلنا شروع ہو گئی تھی۔

الشیخ جراح سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی پر غزہ کی پٹی سے حماس نے اسرائیل پر راکٹ حملے کیے تھے جس کے بعد حماس اور اسرائیل میں لڑائی شروع ہوگئی تھی جو گیارہ روز تک جاری رہی تھی۔

اسرائیل میں سپریم کورٹ نے منگل کے دن اٹارنی جنرل کو حکم جاری کیا تھا کہ وہ الشیخ جراح کے مکینوں کو بے دخل کرنے کے معاملے سے متعلق اپنا مؤقف واضح کریں۔

مزیدخبریں