اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے سفری پابندیوں کے حوالے سے کیٹیگری سی میں شامل ممالک سے کچھ افراد کے جعلی دستاویزات پر پاکستان آنے کی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس انکشاف کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے تمام ائیرلائنز کو انتباہی مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں کو پاکستان لانے کیلئے استثنیٰ کی اصل دستاویزات پر فلائٹ میں سوار کیا جائے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق کچھ مسافروں نے جعلی استثنیٰ دستاویزات کے ذریعے پاکستان آنے کی کوشش کی لیکن اب اگر کسی نے ٹمپرڈ اور جعلی استثنیٰ والی دستاویزات پر سفر کی کوشش کی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی خلیجی ممالک سے جعلی کورونا سرٹیفکیٹ پر مسافروں کے پاکستان آنے کا انکشاف ہوا تھا جبکہ کراچی اور پشاور ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے والے افراد کے کورونا مثبت ہونے پر جب انہیں قرنطینہ کیا گیا تو کچھ افراد وہاں سے بھی فرار ہو گئے تھے۔