لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز میں شرکت کیلئے ابوظہبی پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ شروع ہو گیا ہے جبکہ لاہور اور کراچی میں رہ جانے والے 25 افراد تاحال متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ویزوں کے منتظر ہیں اور ویزے ملتے ہی ابوظہبی روانہ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 6 میں رکاوٹیں دور ہونے لگی ہیں اور کراچی ، لاہور سے خصوصی پروازوں سے ابوظہبی پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ شروع ہوگیا ہے۔ ان افراد کو ابوظہبی میں 7 روز کا قرنطینہ کرنا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کوشش کررہا ہے کہ تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے قرنطینہ مزید کم روز کیا جائے کیونکہ یہ افراد پاکستان میں قرنطینہ میں ہی موجود تھے۔
دوسری جانب کراچی اور لاہور میں موجود 25افراد تاحال یو اے ای کے ویزوں کے منتظر ہیں جن میں 10 سے زیادہ کھلاڑی بھی شامل ہیں ، ویزہ ملتے ہیں یہ افراد ایک ہی چارٹرڈ طیارے سے ابوظہبی جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے ہوٹل میں قرنطینہ کرنے والے افراد پہلے خصوصی طیارے سے کراچی پہنچیں گے کراچی میں موجود افراد اسی طیارے میں ان کو جوائن کریں گے اور پھر ابوظہبی روانہ ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ رواں سال کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے بقیہ میچز یو اے ای میں کروانے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے اور اس مقصد کیلئے کھلاڑیوں اور آفیشلز سمیت دیگر سٹاف کو ابوظہبی پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ میچز کے شیڈول کا اعلان بھی جلد کر دیا جائے گا۔