لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے یوم تکبیر کے موقعہ پر اپنے قائد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پاکستان زندہ باد اور نواز شریف زندہ باد کا نعرہ لگا دیا ۔
اپنے ٹویٹ میں مریم نواز نے یوم تکبیر کے موقعہ پر قوم سے نواز شریف کے خطاب کا تاریخی کلپ بھی جاری کیا ۔ کلپ میں دھماکوں سے قبل دس سیکنڈ کا ٹائم کاؤنٹ دکھایا گیا ۔ دس سیکنڈ بعد آٹھ دھماکے ہوئے جس کے باعث ملک ایٹمی ممالک کی فہرست میں شامل ہوا ۔ کلپ میں نواز شریف کا قوم سے مختصر خطاب بھی دکھایا گیا ۔
اس سے قبل ن لیگ کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی یوم تکبیر پر قوم ، قیادت اور اداروں کو مبارک ، کہا کہ جوہری پروگرام کا آغاز ، تکمیل اور اس کا عملی اظہار قوم ، قیادت اور اداروں کی یک جہتی کا مظہر تھا ۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ یہ وہ جذبہ تھا جس نے پورے پاکستان کو اتحاد ، قومی جذبے اور عزم صمیم سے سرشار کر دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پرخلوص اور محب وطن قیادت نے صرف قومی مفاد کو ترجیح دی ۔ اُس دن پوری قوم کے ہاتھ میں پاکستان کا پرچم اور لب پہ پاکستان کے وقار کا ترانہ والہانہ تھا ۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان کو اولیت دینے ، عوام کی حقیقی ترجمانی اور مل کر کام کرنے کے مقصد کی یاد دلاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ایک بار اس قومی جذبے ، عزم اور مقصد کی تڑپ ، لگن اور جستجو پیدا کریں ۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ جوہری دھماکے ہماری قومی سلامتی ، بقا اور خودمختاری کے تحفظ کے ساتھ قوم کے جذبے کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج معاشی دھماکوں کی ضرورت ہے تاکہ قیام پاکستان کے اصل منزل اور مقصد کو ہم پالیں ، اپنے آباء اور شہداء کی نظروں میں سرخرو ٹھہریں ۔