اماراتی خاتون کو خاوند کا موبائل فون چیک کرنے کی سزا، بھاری جرمانہ عائد

10:21 AM, 28 May, 2021

ابوظبی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی عدالت نے اپنے خاوند کا موبائل چیک کرنے والی شکی مزاج خاتون پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے آئندہ سے ایسی حرکت کرنے سے باز رہنے کی تاکید کی ہے۔ خاتون نے دوبارہ یہ فعل سرانجام دیا تو اسے قید کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اپنے خاوند کا موبائل فون چیک کرنے والی اس اماراتی خاتون پر 5 ہزار درہم کا جرمانی عائد کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گاہے بگاہے میڈیا کے ذریعے ایسی رپورٹس آتی رہتی ہیں کہ متحدہ عرب امارات میں اکثر شوہر اور بیویاں شک کی بنیاد پر ایک دوسرے کا فون چیک کرتے ہیں، انھیں گھریلو مسائل اور جھگڑوں کو حل کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات میں سخت قوانین رائج ہیں۔ ان سائبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔

حال ہی میں متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں پیش آنے والا واقعہ بھی اسی قسم کا ہے۔ راس الخیمہ کے مقامی شہری نے عدالت میں اپنی اہلیہ کیخلاف شکایت درج کروائی تھی کہ وہ انتہائی شکی القلب ہے اور بغیر اجازت کے اس کا موبائل چیک کرتی ہے۔

عدالت کے جج نے کو بتایا گیا کہ اماراتی شخص کی اہلیہ نے ناصرف اس کا فون چیک کیا بلکہ اس میں سے اس کی ذاتی تصاویر، میسجز اور ویڈیوز کو استعمال کرکے اپنے خاوند کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ خاتون نے ان میں سے بعض مواد اپنے سسرال والوں کو بھی بھیجا جس سے درخواست گزار کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

اماراتی عدالت نے درخواست گزار کی اہلیہ پر یہ تمام الزامات ثابت ہونے کے بعد اس پر بھاری جرمانہ عائد کیا۔

عدالت کا اس کیس میں اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ اماراتی شخص کی اہلیہ نے اپنے خاوند کی ساکھ کو مالی اور اخلاقی طور پر نقصان پہنچایا، اسے تنبیہ کی جاتی ہے کہ اگر وہ اس جرم کی دوبارہ مرتکب ہوئی تو اسے بھاری جرمانے کے ساتھ قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں