کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) رچرڈ مورن مستعفی ہو گئے۔ اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے رچرڈ مورن کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز رچرڈ مورن کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور انہیں مفادات کے ٹکراؤ کی وجہ سے شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔
رچرڈ مورن پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ملازم ہوتے ہوئے اپنی ذاتی کمپنی بھی چلا رہے ہیں جس پر انہیں ملازمت کے معاہدے کی خلاف ورزی کے الزام میں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔
رچرڈ مورن کینڈین شہری ہیں اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے پہلے غیر ملکی سی ای او تھے۔ انہیں گزشتہ سال پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا سی ای او تعینات کیا گیا تھا۔ ان کی تقرری کے وقت بھی اسٹاک بروکرز نے مارکیٹ کے انتہائی اہم عہدے پر غیر ملکی کی تقرری سمیت ان کی بھاری تنخواہ اور مراعات پر اعتراض اٹھایا تھا۔
علاوہ ازیں آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس میں 748 پوائنٹس کی کمی ہو گئی جس کے نتیجے میں انڈیکس 34 ہزار 949 پوائنٹس پر بند ہوا۔