ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ کی 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات کا امکان روشن

ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ کی 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات کا امکان روشن
کیپشن: image by facebook

سیئول: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان کے درمیان 12 جون کو سنگاپور میں ملاقات کا امکان ایک مرتبہ پھر روشن ہوگیا۔


جنوبی کوریا کے صدر مون جے اُن نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر چاہتے ہیں کہ ان کی امریکی ہم منصب سے 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی ملاقات شیڈول میں مطابق ہو۔

مون جے اُن کا کہنا تھا کہ کم جونگ جانتے ہیں کہ ٹرمپ سے ملاقات کئی دہائیوں کے تصادم کے خاتمے کا تاریخی موقع ہے اور انہوں نے ملاقات کے دوران جنگ اور تصادم کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کم جونگ ان امن اور خوشحالی کے لیے تعاون کرنا چاہتے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو کم جونگ ان سے دوبارہ ملاقات پر اتفاق ہوا ہے۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان سربراہ ملاقات کے لیے جنوبی کوریا اہم کردار ادا کر رہا ہے اور اسی سلسلے میں جنوبی کوریا کے سربراہ نے چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی تھی۔