مجھے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کیلئے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی: نواز شریف

05:53 PM, 28 May, 2018

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ امریکی صدر نے مجھے ایٹمی دھماکے کرنے سے روکا، مجھے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی میں نے کہا ہماری غیرت اور عزت کی کوئی قیمت نہیں ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا 33 سال سے مجھ سے رشتہ قیمتی سرمایہ ہے، آپ کا یہ قیمتی سرمایہ آج بھی میرے ساتھ بہت مضبوط ہے۔ کارکنوں کے جذبے کی ستائش کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں، میرا اور عوام کا محبت کا لازوال رشتہ ہے۔ آج پاکستان کی ایٹمی طاقت کی 20ویں سالگرہ تھی، آج عدالت میں میری 75ویں پیشی تھی، مریم 4 گھنٹے کٹہرے میں کھڑی رہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: یوم تکبیر کے موقع پر نواز شریف کیساتھ ایک اور ناخوشگوار واقعہ
 نواز شریف نے مزید کہا کہ ٹیلیفون کی ٹیپس موجود ہیں جس میں مجھے 5 ارب ڈالر کی پیشکش کی گئی، میں محب وطن نہ ہوتا تو 5 ارب ڈالر لے لیتا، 5 ارب ڈالر لینا میرے لئے مشکل کام نہیں تھا۔ امریکی صدر اور برطانوی وزیراعظم نے مجھ سے بات کی، مجھے روکا گیا، صدر کلنٹن نے مجھے 5 بار فون کیا، دھماکوں سے متعلق فیصلے کے وقت مجھے منع کیا گیا، مجھے کہا گیا دھماکے کرنے سے پاکستان پر پابندیاں لگ جائیں گی، میں نے کہا ہماری غیرت اور عزت کی کوئی قیمت نہیں ہے، میں نے کہا 5 ارب ڈالر آپ اپنے پاس رکھیں۔ ہم نے بھارت کے 5 دھماکوں کے بدلے 6 دھماکے کئے۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد واجپائی خود چل کر پاکستان آئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: متنازعہ کتاب لکھنے پر پاک فوج کا جنرل (ر) اسد درانی کے خلاف ایکشن
 انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان ایٹمی قوت ہے، پاکستان ایسی قوت بن چکا ہے جسے کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، کوئی دشمن پاکستان پر حملہ کرنے کی ہمت نہیں کرسکتا، ایٹمی دھماکے پاکستان کے منتخب وزیراعظم نے کئے، یہ کام کسی آمر نے نہیں کیا تھا۔ ایٹمی دھماکوں کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی، ذوالفقار علی بھٹو بھی منتخب وزیراعظم تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں