قوم کے اربوں روپے بچانا اگر جرم ہے تو یہ جرم با ربار کروں گا ‘شہبازشریف

11:36 AM, 28 May, 2018

لاہور: وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے ٹیم ورک کے طور پر کام کر کے عوامی خدمت کے حوالے سے تاریخ رقم کی ہے -

فلاحی پروگراموں اور منصوبوں کی تکمیل کے لئے افسران نے ہمت ، محنت اور عز م کے ساتھ کام کیا ہے -آپ کی شبانہ روز محنت اور انتھک کاوشوں کی بدولت اہداف حاصل ہوئے ہیں-میں آپ کی محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کو سلام پیش کرتا ہوں -وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ماڈل ٹاﺅن میں پنجاب حکومت کے مختلف محکموں اور اداروںمیں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کوتعریفی اسناد دینے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا -

وزیراعلی محمدشہبازشریف نے افسران کوتعریفی اسناد دیں - وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اےسے افراد کے اعزاز میں تقریب منعقدکی گئی ہے جن کی محنت کی بدولت پنجاب حکومت کے ترقیاتی پروگرام کامیابی سے آگے بڑھے ہیں-آپ نے اپنے شعبوں میں محنت کر کے نئے باب رقم کئے ہیں - انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے 5برس کے دوران عوام کی بے لوث خدمت کی ہے -پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات سنہری حروف سے لکھے جائیں گے-آپ نے صوبے کے عوام کی خدمت اور ترقی کے لئے بے پناہ محنت سے کام کیا ہے- عوام آپ کی کارکردگی کو سراہتے ہیں-

انہوں نے کہاکہ لاہور سمیت پنجاب کے ہر شہر میں حقیقی معنوں میں ترقی نظر آ تی ہے -پنجاب حکومت کے مختلف محکموں او راداروں نے شبانہ روز محنت کر کے اپنا نام کمایا ہے اوررکاوٹوں کے باوجود آپ لوگوں نے انتہائی جانفشانی سے کام کیا ہے -آپ کی محنت ایک قومی خدمت ہے اورہم سب کو اچھوں اور بروں میں تمیز کرنا ہوگی-انہوںنے کہاکہ کوئی معاشرہ اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک اچھا کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی نہ ہو،جنہوںنے عوام کی خدمت کے لئے خون پسینہ بہایا ہے ان کی سب کو تعریف کرنا ہوگی-

اچھے افسروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے،جن لوگوں نے خیانت کی ہے ان کا احتساب کرناہوگا- انہوںنے کہاکہ ہمارے بہادر پولیس افسروں نے جام شہادت نوش کیاہے -کیپٹن (ر)مبین شہید جیسے بہادر پولیس افسروں نے پاک دھرتی کے لئے ا پنی جان نچھاور کی ہے اورپوری قوم کو ایسے پولیس افسروں پر فخر ہے -قومیں محنت ، جذبے او رعزم سے بنتی ہیں-آج پنجاب میں صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیاہے -عوامی فلاح کے کئی منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے ہیں -انہوںنے کہاکہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ عوامی فلاح و بہبود کا عظیم منصوبہ ہے،پی ٹی آئی نے اس عوامی منصوبے میں رخنہ ڈالا -

پی ٹی آئی رکاوٹیں کھڑی نہ کرتی تو آج اورنج لائن میٹروٹرین چل رہی ہوتی- تحریک انصاف نے اس منصوبے میں 22ماہ کی تاخیر کروا کے عوام سے کھلی دشمنی کی ہے -انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف سے پشاور میں میٹروبس تو چل نہیں سکی لیکن انہوںنے عوام کی بس کرا دی ہے -پنجاب حکومت نے اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے میں سب سے کم بولی دینے والے سے 75ارب روپے کم کرائے-ہم نے یہ رقم پاکستان او رپنجاب کے عوام کے لئے بچائی -یہ پاکستان کی خدمت ہے-قوم او رتاریخ ہماری اس حقیر کاوش کو ہمیشہ یاد رکھے گی -انہوںنے کہاکہ یہ صرف میرے اکیلے کی کامیابی نہیں بلکہ یہ پوری ٹیم کی اجتماعی کامیابی ہے -

سیف سٹی پراجیکٹ میں قوم کے 3ارب روپے بچائے ہیں -عوام کی خدمت کرنا اور قوم کے اربوں روپے بچانا اگر جرم ہے تو یہ جرم با ربار کروں گا -انہوںنے کہاکہ پاکستان کے اعلی و ارفع مقاصد کے حصول کے لئے سب کو یک جان دو قالب ہونا ہوگا -ہماری کاوشو ں کے باعث ملک میں لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم ہوگئے ہیں - گیس پاو رپلانٹس میں 150ارب روپے کی خطیر بچت کی گئی ہے -پنجاب میں لگنے والے گیس کے 4منصوبے شفافیت اور معیار کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہیں-ہمت ، تڑپ اور جذبہ ہوتو مٹی سونا بن جاتی ہے -آپ نے اپنی محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کے ذریعے پنجاب کی تقدیر بدلی ہے -

میں آپ کی محنت کو سلیوٹ کرتا ہوں - انہوں نے کہاکہ محنت ، دیانتداری ،ایمانداری اور عزم وحوصلے سے ترقی کا سفر طے کیاہے اوریہی وجہ ہے کہ آج ہم عوام کی عدالت میں سرخرو ہیں-جس برق رفتاری اور اعلی معیار کے ساتھ فلاحی منصوبے مکمل کئے ہیں اس کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی -انہوںنے کہاکہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھائی گئی ہے-تعلیم ، صحت ، امن عامہ ،زراعت اور دیگر سماجی شعبوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں-

اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کا کردار لائق تحسین ہے-صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا- انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبے نہایت شفاف طریقے سے برق رفتاری سے مکمل کئے گئے ہیں-آپ سب نے اپنی محنت سے نئی دنیا آباد کی ہے اورعوام کی خدمت کیلئے ہم سب نے شب وروز محنت کی ہے- انتھک محنت کے ساتھ فرائض سرانجام دیئے گئے اور اسی وجہ سے میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں