ینگون: میانمار میں شدید زلزلے کے نتیجے میں 144 افراد ہلاک اور 732 زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک تک محسوس کیے گئے، جہاں فلک بوس عمارتیں لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، میانمار میں جمعے کے روز 7.7 اور 6.4 شدت کے یکے بعد دیگرے دو زلزلے آئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، پہلے زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز میانمار میں 10 کلومیٹر زیر زمین تھا۔
میانمار کے زلزلے کے جھٹکے تقریباً 900 کلومیٹر دور بنکاک تک محسوس کیے گئے، جہاں کئی بلند عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ زلزلے کے جھٹکوں کے مناظر کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے تھائی لینڈ، بنگلا دیش، بھارت، لاؤس اور چین میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے بعد ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
بنکاک میں زلزلے کے بعد میٹرو اور ریل سروسز کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔