این ایف سی ایوارڈ میں ضم اضلاع کا حصہ شامل کیا جائے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

این ایف سی ایوارڈ میں ضم اضلاع کا حصہ شامل کیا جائے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے دسویں اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری کو خط لکھ دیا۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں کہا کہ 25ویں آئینی ترمیم کے تحت قبائلی اضلاع کو خیبرپختونخوا میں ضم کر دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے کی آبادی میں 57 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے، لیکن این ایف سی ایوارڈ میں ان علاقوں کا کوئی حصہ شامل نہیں کیا گیا۔

خط میں وزیراعلیٰ نے نشاندہی کی کہ ضم شدہ اضلاع میں تمام سول اداروں کو توسیع دی جا چکی ہے، تاہم این ایف سی میں حصہ نہ ملنے کے باعث ان علاقوں میں ترقیاتی کام اور امن و استحکام متاثر ہو رہا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کہا کہ 2010 سے نافذ العمل این ایف سی ایوارڈ میں قبائلی اضلاع کی آبادی کے مطابق حصہ نہیں دیا گیا، جو فیڈریشن اور آئین کے آرٹیکل 160 کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ قبائلی اضلاع کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی آئینی ترمیم سے متصادم ہے، اور ساتویں این ایف سی ایوارڈ کی غیر آئینی اور غیر منصفانہ توسیع صوبائی حکومت کے لیے ناقابل قبول ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے ضم شدہ اضلاع کے عوام کو این ایف سی میں شامل کیا جائے اور دسویں این ایف سی اجلاس کا فوری انعقاد کیا جائے۔