شوگر ملز مالکان کو قیمتوں کے معاہدے پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت

08:34 PM, 28 Mar, 2025

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں کمی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شوگر ملز مالکان کو معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت چینی کی صورت حال پر اہم اجلاس ہوا، جس میں کمیٹیوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چینی کی قیمتوں اور سپلائی کی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔


اسحاق ڈار نے شوگر ملز مالکان کو ہدایت کی کہ چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو یا اس سے کم رکھنے کے معاہدے پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی کی قیمتوں اور سپلائی کو ریگولیٹ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔


اجلاس کے دوران نائب وزیر اعظم نے چینی کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی کی سپلائی اور قیمتوں کو متوازن رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

حکومتی اقدامات کے بعد چینی کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس پر نائب وزیر اعظم نے اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں