یورپ بھیجنے کی کوشش کرنے والے 4 انسانی سمگلرز گرفتار

یورپ بھیجنے کی کوشش کرنے والے 4 انسانی سمگلرز گرفتار

گجرانوالہ:  ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے سمندر کے ذریعے یورپ بھیجنے کی کوشش کرنے والے 4 انسانی سمگلرز کو گرفتار کرلیا ہے، جنہوں نے شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورے اور غیر قانونی طور پر انہیں بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کی۔

گرفتار ملزمان میں محمد ادریس، عمر فاروق، مرزا نعیم بیگ اور اللہ دتہ شامل ہیں، جنہیں گجرانوالہ اور گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے لوگوں کو یورپ جانے کا جھانسہ دے کر ان سے بڑی رقم وصول کی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق، ملزم نعیم بیگ نے ایک شہری سے 73 لاکھ روپے لے کر اسے اٹلی بھیجنے کا وعدہ کیا تھا لیکن شہری کو لیبیا بھیج دیا، جہاں سے اس نے غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے کی کوشش کی۔ اسی طرح، عمر فاروق اور محمد ادریس نے 1 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد کی رقم ہتھائی، جبکہ اللہ دتہ نے بھی اسی طرح شہریوں سے پیسے بٹورے۔

ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور تفتیش جاری ہے، اس کے علاوہ ایف آئی اے نے ان کے ساتھیوں کو پکڑنے کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔