پشاور: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی وزیر اعلی خیبر پخونخواعلی امین گنڈاپور سے ملاقات ہوئی۔ پشاور میں وزیر اعلی ہاؤس آمد پر خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے محسن نقوی کا خیبر مقدم کیا۔اس اہم ملاقات میں صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا کا دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ اور دہشتگردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں پر حملے کے عناصر قرار واقعی سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ ملک دشمن عناصر بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔ پوری طاقت سے ملک دشمنوں کو جواب دیں گے۔ خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہاکہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
اس مقصد کے لئے صوبائی حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے۔ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے ذیادہ متاثر ہوا ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی علی امین گنڈاپور سے ملاقات ، دہشتگردی کے خلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ
04:37 PM, 28 Mar, 2024