سانحہ نو مئی : فوجی عدالتوں کو فیصلے سنانے کی مشروط اجازت، 20 ملزموں کو عید سے پہلے رہا کرنے کا حکم

12:25 PM, 28 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں کو سانحہ 9 مئی کے ملزموں کے محفوظ فیصلے سنانے کی مشروط اجازت دیدی ہے۔ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ بریت اور کم سزا والوں کو رعایت دے کر عید سے پہلے رہا کیا جائے گا۔ 

سپریم کورٹ  میں فوجی عدالتوں کیخلاف فیصلے پر انٹراکورٹ اپیلوں پر  جسٹس امین الدین کی سربراہی میں چھ رکنی لارجر بینچ  نے سماعت  کی۔ اٹارنی جنرل منصور عثمان نے عدالت کو بتایا کہ 20 افراد ایسے ہے جن کی عید سے قبل رہائی ہو سکتی ہے ۔ 

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ 20 افراد کی رہائی کیلئے بھی تین مرحلے ہیں جو فالو کرنا پڑ یں گے۔ پہلا مرحلہ سزا سنانا، پھر اس کی توثیق اور اس کے بعد آرمی چیف کی طرف سے سزا میں رعایت دینا ہے۔ 

اٹارنی جنرل کے بیان کے بعد عدالت نے فوجی عدالتوں کو محفوظ فیصلے سنانے کی اجازت دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ان کیسوں کے فیصلے سنا دیے جائیں جن میں ملزم عید سے پہلے رہا ہوسکتے ہیں اور عملدر آمد رپورٹ بھی جمع کرائیں۔ سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کردی۔ 

مزیدخبریں