واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ توانائی کی کمی کے بحران سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد امریکا کی ترجیح ہے۔
واشنگٹن میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 4000 میگاواٹ صاف توانائی کی صلاحیت بڑھانے میں مدد کی۔امریکی منصوبوں نے بجلی کی صلاحیت میں ڈرامائی طور پر اضافہ کیا ہے، منصوبوں کے ذریعے آج لاکھوں پاکستانیوں کے گھروں کو بجلی فراہم کر رہے ہیں۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ موسمیاتی اسمارٹ ایگریکلچراور قابل تجدید توانائی کےلیے بھی مل کر کام کررہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یو ایس پاکستان گرین الائنس دونوں ممالک کے درمیان تبدیلی کا اقدام ہے، آج کے انتہائی اہم ماحولیاتی چیلنجز خاص طور پر پانی کے انتظام سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کررہے ہیں۔