وفاقی کابینہ نے عدالتی اصلاحات ترمیمی بل کا مسودہ منظور کر لیا

07:56 PM, 28 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے عدالتی اصلاحات ترمیمی بل کا مسودہ منظور کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں عدالتی اصلاحات ترمیمی بل کا مسودہ منظور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ترمیمی بل میں کہا گیا ہے کہ از خود نوٹس کا فیصلہ سینئر ججز کریں گے جبکہ از خود نوٹس کے خلاف اپیل کا حق ہو گا جو 30 دن میں دائر ہو سکے گی، اپیل کو 2 ہفتوں میں فکس کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ بل ایوان آج قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کو بھیج دے گا، کمیٹی کا اجلاس کل صبح ہو گا جبکہ کابینہ کا منظور کردہ ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ 
قائمہ کمیٹی اجلاس کی صدارت چیئرمین محمود بشیر ورک کریں گے، جو کل ہی بل منظور کر کے ایوان میں رپورٹ دے گی، قومی اسمبلی کل عدالتی اصلاحات ترمیمی بل کی حتمی منظوری دے گی، مجوزہ بل جمعرات کو سینیٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں