اسلام آباد:ایک طرف قومی اسمبلی کا اجلاس جس میں موجودہ وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد پیش کی جانی ہے جبکہ دوسری طرف متحدہ اپوزیشن کے بند کمرے اجلاس سے بڑی خبر نکل کر سامنے آئی ہے جس میں آصف علی زرداری نے نئے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا نام بھی بتا دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن کے بند کمرے اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زردار ی نے شہباز شریف کو وزیر اعظم اور رانا ثنا اللہ کو وزیر داخلہ کہہ کر مخاطب کیا ،قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل متحدہ اپوزیشن کی جماعتوں کا اجلاس اسلام آباد میں شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن اجلاس میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر آصف زرداری نے شہباز شریف کو وزیر اعظم اور رانا ثنا اللّٰہ کو وزیر داخلہ بول دیا،متحدہ اپوزیشن کے بند کمرے کے اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد آج دوبارہ پارلیمنٹ ہاؤس میں شام 4 بجے شروع ہوگا جس میں وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر کارروائی متوقع ہے۔
تحریک عدم اعتماد پیش ہونے سے قبل ہی تحریک انصاف کے مزید ایم این ایز کی اُڑان کی مسلسل خبریں سامنے آ رہی ہیں جس میں شاہ زین بگٹی ، اسلم بھوتانی اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی عاصم نذیر بھی شامل ہیں ۔