(ن) لیگ وزارت اعلیٰ دیتی ہے تو لے لیں، حکومت کا (ق) لیگ کو پیغام

10:28 AM, 28 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: حکومت نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے مطالبے پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) وزارت اعلیٰ دے رہی ہے تو ضرور لے لیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ہونے والے مذاکرات میں پنجاب سے متعلق (ق)) لیگ نے واضح موقف حکومتی ٹیم کے سامنے رکھتے ہوئے کہا تھا کہ بطور اتحادی پہلے دن جو معاہدہ ہوا اس کو پورا نہیں کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے (ق) لیگ کو پیغام دیا ہے کہ اگر اپوزیشن انہیں پنجاب کی وزارت اعلیٰ دے رہی ہے تو ضرور لیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں چوہدری برادران کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ (ن) نے مسلم لیگ (ق) کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے کی باقاعدہ پیشکش کی تھی اور چوہدری برادران نے اس کا جواب دینے کیلئے 2 روز کی مہلت طلب کیا جبکہ دونوں جماعتوں کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ 
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے جلد الیکشن کرنے کی شرط پر (ق) لیگ کو وزارت اعلیٰ دینے کی حامی بھری ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے انتخابات 3 سے 6 ماہ کے اندر کرائے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی مسلم لیگ (ن) کے وفد نے (ق) لیگ کے وفد سے ملاقات کی تھی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت ہوئی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ایک سے دو روز میں فیصلہ سامنے آ جائے گا، حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال کا تجربہ اچھا نہیں رہا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے اپنے مسائل ہیں۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءخواجہ سعد رفیق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم نے بڑی تفصیل سے مشاورت کی ہے جو جاری رہے گی۔ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں اور ہم نے مل کر کام کیا ہے، ہمارے درمیان برف پگھل چکی ہے۔ 

مزیدخبریں