لاہور : دورہ جنوبی افریقا پر جوہانسبرگ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ زمبابوے کا شیڈول جاری کر دیا گیا۔ قومی ٹیم جوہانسبرگ سے ہی ہرارے کیلئے روانہ ہوگی۔
نیو نیوز کے مطابق کورونا وبا کے دنوں میں زمبابوے کا دورہ کرنے والی پاکستان پہلی کرکٹ ٹیم ہوگی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 21 اپریل سے ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی میچز 21،23 اور 25 اپریل کو کھیلے جائیں گ ے۔ 29 اپریل سے دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہوگا۔ 2013 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب دونوں ٹیمیں زمبابوے میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلیں گی ۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 7 سے شروع ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔
پاک زمبابوے سیریز میں شامل تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے جب کہ ٹیسٹ میچز دوپہر ساڑھے بارہ بجے شروع ہوں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ مشکل حالات کے باوجود عالمی کرکٹ مقابلوں کو جاری رکھنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے ۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے اب تک پاکستان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ زمبابوے اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کی میزبانی کرچکا ہے۔
زمبابوے نے اس سے قبل اپنی سرزمین پر جس آخری سیریز کی میزبانی کی تھی وہ جنوری 2020 میں سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی تھی۔
قومی کرکٹ ٹیم اس وقت تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کی غرض سے جنوبی افریقا میں موجود ہے، جہاں سے وہ 17 اپریل کو زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے روانہ ہوجائے گی۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک کھیلے گئے تمام 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پاکستان نے جیتے جب کہ 17 ٹیسٹ میچز میں سے 10 پاکستان نے جیتے، 4 ڈرا ہوئے جب کہ 3 میچوں میں زمبابوے نے فتح حاصل کی۔