قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہو گا ،سیکورٹی گارڈز اور مہمان پارلیمنٹ لانے پر پابندی

08:14 PM, 28 Mar, 2021

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اجلاس کل چار بجے ہوگا ۔ اجلاس  کا چھبیس نکاتی ایجنڈا  اور  شرکا کے لئے کرونا ایس او پیز جاری کردیئے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پارلیمنٹ ہاوس میں گیٹ نمبر ایک پر ارکان قومی اسمبلی اور ملازمین کے لئے کرونا ٹیسٹ سنٹر قائم کردیا گیا ہے۔

  پارلیمنٹ میں گاڑیوں کا رش کم کرنے کے لئے پارلیمنٹ لاجز اور فیڈرل لاج سے پارلیمنٹ ہاوس تک شٹل سروس شروع کی جائے گی۔  ارکان قومی اسمبلی کو سیکیورٹی گارڈز اور مہمان پارلیمنٹ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا ۔

قومی اسمبلی اجلاس کا چھبیس نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے جس میں گھریلو تشدد ،وسل بلور ایکٹ ،زراعت صنعت سے متعلق قرضے ،ای او بی آئی ،اسلام آباد سینئر سیٹزن ایکٹ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن بل ،مسلم فیملی لاز،سپیشل ٹیکنالوجی زونز ،سی ڈی اے آرڈیننس ،اور سٹیٹ بینک سروس پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ اور بل ایجنڈے میں شامل ہے۔

 اپوزیشن حکومت کی طرف سے آرڈیننسز خصوصاً سٹیٹ بینک کے حوالے سے جاری کیے گئے آرڈیننس  کے خلاف احتجاج کرے گی۔

دوسری طرف سے اسلام آباد میں کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی ہے۔ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ کیسز زیادہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تقریبات پر پابندی لگادی گئی ہے۔ یکم اپریل سے شادی کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر بھی پابندی ہوگی۔ 

مزیدخبریں