پنجاب میں ماسک پہننا لازمی قرار،پبلک ٹرانسپورٹ میں نشستیں 50 فیصد کم کر رہے ہیں : فردوس عاشق اعوان

پنجاب میں ماسک پہننا لازمی قرار،پبلک ٹرانسپورٹ میں نشستیں 50 فیصد کم کر رہے ہیں : فردوس عاشق اعوان
کیپشن: پنجاب میں ماسک پہننا لازمی قرار،پبلک ٹرانسپورٹ میں نشستیں 50 فیصد کم کر رہے ہیں : فردوس عاشق اعوان
سورس: فائل فوٹو

سیالکوٹ: پنجاب حکومت نے شہریوں کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا ۔ خلاف ورزی کرنے پر نہ صرف جرمانہ بلکہ  چھ ماہ قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔ این سی او سی نے شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی کی سفارش  کردی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دی ہے۔ 

سیالکوٹ میں میڈیا بریفنگ میں  معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب  فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  صوبے میں ماسک کو پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ماسک نہ پہننے پر جرمانے اور6 ماہ کی سزا ہوسکتی ہے ۔ این سی اوسی نےتجویزدی ہے5اپریل سےعیدتک شادیوں پرمکمل پابندی لگائی جائے ۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد نشستوں کو کم کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  بازاروں اور مارکیٹس میں رش کے باعث ایس او پیز پر عمل کرنا آسان نہیں۔ اقدامات کیلئے اسٹیک ہولڈرز سےکریں گے ۔حکومت عوام کو کم سے کم تکلیف دینا چاہتی ہے  ۔شادی کی تقریبات پر پابندی  اور ماکیٹوں کے حوالے سے  حتمی فیصلہ کل کریں گے۔

انہوں نے ویکسی نیشن کے حوالے سے کہا کہ  وزیراعلیٰ پنجاب نے ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں۔  این سی او سی کے مطابق پنجاب بھر میں ویکسی نیشن کا عمل اس وقت سست ہے۔

  

کسانوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے بارے میں بتاتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ   حکومت چاہتی ہے کسان اپنی سبزیاں اور پھل مارکیٹوں سمیت بازاروں میں بھی فروخت کریں ۔ منڈیوں میں مڈل مین کسانوں سے سستے داموں سبزیاں اور پھل خریدتے ہیں مڈل مین یہ سبزیاں اور پھل مہنگے داموں عوام کو فروخت کرتے ہیں ۔ سہولت بازاروں میں کسانوں کیلئے ایک حصہ مختص کرنے جا رہے ہیں ۔ اس حصے میں کسان اپنی سبزیاں اور پھل خود لاکر فروخت کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف اقدامات کرنے جا رہی ہے۔ پنجاب میں کسانوں کو گندم کی قیمت 1800 روپے فی من دی جا رہی ہے۔ پنجاب سمیت دیگر علاقوں کے کسانوں نے سندھ میں گندم لےجاکر فروخت کی ۔صوبہ سندھ کے اندر ایک پیاری جماعت نے گندم کی قیمت2 ہزار روپے مقرر کردی ہے۔اس جماعت نے صرف زبانی گندم کی قیمت میں اضافے کا اعلان کیا۔

پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  تعمیری سیاست کی طرف آئیں، تخریبی سیاست کا وقت نہیں رہا۔ ظل سبحان وطن آئیں اور جواب دیں۔ ن لیگ سے ش نکل گئی ہے، ہم ش لیگ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ آپ کا کزن اور چچا آپ کے ساتھ نہیں ہے۔  عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہے اور آپ کے اعصاب پر  سوار ہے۔

پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں اختلافات پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  بلاول ہوگیا ہے آر ، آپ ہوگئی ہیں پار ، مولانا ہوگیا ہے خوار ۔ آصف زرداری نے آپ کو بتایا دیا کہ سیاست بچوں کا کھیل نہیں ہوتا۔ جعلی راجکماری مان لیں آصف زرداری نے آپ کو نا گھر کا چھوڑا نا گھاٹ کا ۔پی ڈی ایم لڑائی میں کسی کی چونج اور کسی کی دم گم ہوگئی ہے ۔پی ڈی ایم مردہ گھوڑے کی شکل اختیارکرچکا ہے ۔

دوسری طرف کورونا کے کیسز بڑھنے پر محکمہ صحت پنجاب نے متاثرہ شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن کی تجویز دے دی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے میں 10 سے 14 دن کے لیے لوگوں کے میل جول پر پابندی لگائی جائے۔