فیصل آباد،ایک اور کم سن بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا ۔پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے مدینہ ٹاؤن میں دادا کے پیچھے جانے والی چار سالہ میرب گھر سے نکلی اور پھر اس کی خون میں لت پت لاش گھر آئی۔
غمزدہ والدہ نے بتایا کہ میری چار سالہ میرب دودھ لینے کیلئے دادا کے پیچھے باہر گئی، راستے میں کسی ظالم نے اسےغائب کردیا، گمشدگی کی اطلاع ملنے پر تلاش شروع کی تو میری ننھی کلی کی لاش بھٹے کےدفتر سے ملی۔
مقتول بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ شہزاد سے میری دوسری شادی تین ماہ قبل ہی ہوئی ہے، بیٹی کے گمشدگی کے بعد اسے ڈھونڈنے کے لئے تلاش شروع کی ۔ جب ہم بھٹہ آفس کے قریب پہنچے تو ایک نامعلوم شخص برآمدے سے نکل کر فرار ہوگیا جبکہ بچی مردہ حالت میں پڑی تھی۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بچی کا والد شہزاد احمد بھٹے پر کام کرتا تھا اور وہاں پر ہی اس نے رہائش رکھی ہوئی تھی، اس کی چار سالہ بچی میرب مغرب کے وقت گھر سے لاپتہ ہوئی جس کی تلاش کیلئے بھٹہ مزدور اور دیگر افراد اردگرد نکلے تو بھٹہ کے قریب ایک خالی کوارٹر سے بچی کی نعش ملی جوکہ خون میں لت پت تھی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں ۔کمسن بچی کی اندوہناک موت پر پولیس نے فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل نے میڈیا کو بتایا کہ بچی کی لاش کو میڈیکل کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، پوسٹمارٹم رپورٹ کےبعد زیادتی کی تصدیق ہوسکےگی، تفتیش جاری ہے،جلدملزم تک پہنچ جائیں گے۔
دوسری جانب تھانہ ملت ٹاؤن میں مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، نامعلوم ملزم کےخلاف مقدمے میں زیادتی اورقتل کی دو دفعات شامل کیں گئیں ہیں۔
،ایس ایس پی آپریشنز محمد افضل کا کہنا تھا کہ انکوائری کیلئےایس پی مدینہ ٹاؤن کی سربراہی میں ٹیم بنادی گئی ہے، انکوائری ٹیم میں ڈی ایس پی، تین ایس ایچ اوز شامل ہیں۔
آئی جی پنجاب نے بھی فیصل آباد میں چار سالہ کی بچی سےمبینہ زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او فیصل آباد سے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی ہے، آئی جی نے ملزم کو جلدازجلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ بچی کےاہلخانہ کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پریقینی بنائی جائے۔