لاہور : نواز شریف کی طبی معائنے کے بعد شریف میڈیکل سٹی سے جاتی امرا واپس چلے گئے۔ سابق وزیراعظم نواز شریف ضمانت پررہائی کے دوسرے دن طبی معائنے کے لئے شریف میڈیکل سٹی پہنچے جہاں ان کے شوگر، بلڈ پریشر، دل اور گردوں کے ٹیسٹ کیے گئے۔
نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ مکمل چیک اپ کے بعد صورتحال واضح ہو گی۔ رپورٹس ملنے پر پتا چلے گا کہ نواز شریف کا علاج چھ ہفتوں میں مکمل ہو بھی سکتا ہے یا نہیں۔ ڈاکٹر عدنان نے یہ بھی بتایا کہ اس حوالے سے لندن میں موجود معالج ڈاکٹر لارنس سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
نواز شریف اسپتال میں 2 گھنٹے سے زائد رہے جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی شریف میڈیکل سٹی میں موجود رہی۔
سپریم کورٹ نے منگل کے روز نواز شریف کو 6 ہفتوں کے لیے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم وہ بیرون ملک نہیں جا سکتے۔
نواز شریف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی گئی 7 سال قید کی سزا کاٹ رہے تھے، انہیں 24 دسمبر 2018ء کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا تھا۔