جدہ : سعودی عرب کے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اپنے قریبی عزیزوں کے لیے عمرہ ویزہ جاری کرسکیں گے۔
اخبار 24 نے وزارت حج عمرہ کے سیکریٹری برائے عمرہ ڈاکٹر عبد العزیز وزان کے حوالے سے بتایا کہ جلد ہی نافذ ہونے والے نئے قانون کے مطابق سعودی شہریوں سمیت سعودی عرب میں مقیم تمام غیر ملکی بھی اپنے 3 سے 5 رشتہ داروں کے لیے عمرہ ویزہ جاری کروا سکیں گے۔انھوں نے بتایا کہ شہری اور غیر ملکی سال میں 3 مرتبو اپنی عزیزوں کو عمرہ کے لیے سعودی عرب بلا سکیں گے اور اس کے لیے سعودی شہری اپنے کارڈ پر یا غیر ملکی اپنے اقامہ پر اپنے3 سے 5 عزیزوں کے عمرہ ویزے جاری کرواسکے گا۔وزارت حج عمرہ کے سیکریٹری برائے عمرہ ڈاکٹر عبد العزیز وزان کے مطابق وزارت نے نیا قانون منظور کر لیا ہے جس پر بہت جلد عملدرآمد ہوگا۔
ڈاکٹر عبد العزیز وزان نے بتایا کہ اس قانون کی شرائط کے تحت رشتے دار قریبی ہونے چاہیں اور اس کے ساتھ جن رشتہ داروں کو عمرہ ویزے پر بلایا جائے ان کی مکمل میزبانی کا ذمہ دار ہوگا جبکہ ویزے کی مدت ختم ہونے سے پہلے ان کی وطن واپسی کی بھی ذمہ داری لے گا۔واضح رہے کہ موجودہ عمرہ ضوابط کے مطابق سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی اپنے رشتہ داروں کے لئے عمرہ ویزہ جاری نہیں کرواسکتے ۔عمرہ ویزہ جاری کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ خواہشمند اپنے ملک میں کسی عمرہ ایجنٹ سے پیکیج خریدتا ہے اور اسی کے مطابق اسے عمرہ ویزہ جاری کیا جاتا ہے۔
غیر ملکی اپنے عزیزوں کو عمرہ ویزے پر بلا سکیں گے، نیا قانون جلد نافذ
03:27 PM, 28 Mar, 2019