اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر سسی پلیجو نے دعوی کیا ہے کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے اٹھارویں ترمیم کے خاتمے کے لیے تیار کیا گیا مبینہ خط سامنے آگیا ہے جس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
پی پی پی نے اٹھارویں ترمیم کے حوالے سے کابینہ ڈویژن کے مبینہ خط کے معاملے کو سینیٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سینیٹر سسی پلیجو نے اٹھارویں ترمیم کے خلاف مبینہ خط کے معاملے پر تحریک التوا بھی جمع کرا دی ہے۔ تحریک التوا میں وفاقی حکومت سے کابینہ ڈویژن کے میبنہ خط کے معاملے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
سینیٹر سسی پلیجو کا کہنا تھا کہ کابینہ ڈویژن کی جانب سے اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے سے متعلق خط لکھا گیا ہے اور یہ خط اداروں کے اختیارات کی واپسی کے عنوان سے لکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم عوام کی خواہشات کے مطابق کی گئی اس لیے حکومت جواب دے کہ لکھا گیا خط کیا واقعی اصل ہے۔
پی پی پی سینیٹر نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ وفاق کے لیے تباہ کن ثابت ہوگا اور وفاقی حکومت کا یہ قدم کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔