راولپنڈی:احاطہ عدالت میں فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے ، عدالت میں آنے والے گواہ نے اچانک فائرنگ کر کے قتل کے دو ملزمان کو انجام تک پہنچا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق احاطہ عدالت میں فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے ، گواہ نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے اچانک فائرنگ کر دی جس سے کمرہ عدالت میں موجود قتل کے دو ملزمان موقع پر چل بسے ۔
واقعہ میں چار افراد زخمی ہوگئے جن کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس ذرائع کے مطابق قتل کے 2 ملزمان احسن شیرازی اور مطیع اللہ رحیم کو پیشی پرلایا گیا تھا کہ اس دوران کچہری احاطے میں گھات لگائے شخص عبدالستار خان نے ملزمان پر فائرنگ کر دی۔
ملزمان کے لواحقین نے عبدالستار خان پر جوابی فائر کئے جس سے فائرگ کرنے والا عبدالستار خان موقع پر ہی مارا گیا ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 2 افراد شدید زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب عارف نواز نے راولپنڈی کچہری میں فائرنگ کا نوٹس لے لیا اور متعلقہ پولیس کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت دے دی ، ایس پی پوٹھوہار سید علی کی سربراہی میں 3 رکنی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی۔