لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے ہم نے سیاست کو عوام کی خدمت کا ذریعہ بنایا ہے اور عوامی خدمت کے سامنے جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی کوئی حیثیت نہیں۔
وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لندن میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی نے سیاست میں جھوٹ اور بہتان تراشی کے منفی کلچر کو پروان چڑھایا ہے اور ان عناصر نے ہر موقع پر جھوٹ کا سہارا لے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان کے باشعور عوام نے دھرنا گروپ کی ہر منفی ہتھکنڈے کو ناکام بنایا۔ جھوٹ کے علمبرداروں کو ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ پاکستانی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے سب کو ایک ہونا ہے اور پاکستان کو عظیم بنانے کیلئے اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کی ترقی کیلئے آگے بڑھتے رہیں گے۔ عوام کو خالی نعروں، کھوکھلے دعووں اور منفی سیاست سے کوئی سروکار نہیں بلکہ عوام صرف ملک کی ترقی اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منفی سیاست اور قوم کا وقت برباد کرنیوالوں کو پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ دھرنوں کی رکاوٹوں کے باوجود ہم نے عوامی ترقی کا سفر رکنے نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے والے ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کو بھی جواب دینا پڑے گا۔ ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم رکھنے والوں نے غریب قوم پر بے حد ظلم کیا ۔انہوں نے کہا کہ یہ حکمران بجلی کے کارخانے لگانے کی بجائے توانائی منصوبوں میں تاخیر کر کے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہوئے۔عوام آج بھی ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کے کرپشن کے میگا سکینڈلز کو بھلا نہیں پائی۔