لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا جیسے جیسے انتخابات کی تاریخ کی نزدیک آ رہی ہے ویسے ویسے میڈیا ٹرائل میں بھی تیزی آ رہی ہے جبکہ میڈیا سے گلہ ہے جہنوں نے ریٹنگ بڑھانے کیلئے میرا میڈیا ٹرائل کیا۔ بعض چینل پر مجھے پاکستان امیر ترین اور کرپٹ شکص بنا کر پیش کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا نیب میں جانا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور جب بھی بلایا جائے گا تو جائیں گے کیونکہ نیب نے مجھے ایک سوال نامہ بیجھا تھا اور اس کا جواب آج دینے گیا تھا اور چھپانے کیلیے کچھ نہیں جبکہ نیب جو کچھ پوچھے گا بتا دیں گے۔ اپنی جہدوجہد سے جو کچھ کمایا تفصیل سپریم کورٹ اور نیب کو دیدی ہے لیکن جب بھی احتساب کا نعرہ لگا اس کے مقاصد کچھ اور تھے۔
سعد رفیق نے اس موقع پر کہا جتنی خدمت کر سکتے تھے قوم کی ہے لیکن ایک دوسرے کو چور، چورکہنا اچھی بات نہیں ہے جبکہ اداروں اورقانون کی حکمرانی تسلیم نہ کرنے سے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انتشار پیدا کرنے سے کسی کا فائدہ نہیں اور ملک کو عام انتخابات کی طرف لے جانا چاہیے۔
یاد رہے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں نیب لاہور کی جانب سے طلبی کا نوٹس ملنے پر آج پیش ہوئے جب کہ نیب نے ان کے بھائی صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو کل طلب کر رکھا ہے۔
نیب کی تین رکنی تحقیقاتی ٹیم پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں مبینہ طور پر کی جانے والی کرپشن کی تحقیقات کر رہی ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں