کیپ ٹاﺅن:کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمز سدر لینڈ نے بال ٹیمپرنگ میں ملوث کپتان سٹیواسمتھ ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور اوپنر بین کرافٹ کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اور ٹم پین کو ساﺅتھ افریقہ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ کے لئے کپتان بنایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بال ٹیمپر نگ سکینڈل سامنے آنے کے بعد جنوبی افریقہ پہنچنے والے جیمز سدر لینڈ نے واقعے میں ملوث تینوں کھلاڑیوں کو سیریز ادھوری چھوڑ کر ملک لوٹنے کی ہدایت کردی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای اوکا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بال ٹیمپرنگ معاملے میں ملوث تینوں کھلاڑیوں کو سزائیں بھی سنائی جائیں گی۔
جیمز سدر لینڈ نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف دورے میں ٹیم کی قیادت ٹم پین کریں گے ،سمتھ ،وارنر اور بینکرافٹ کی واپسی کے بعد میکس ویل،برنر او ر رونیشا کو آسٹریلوی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے واقعے کی پیشگی معلومات صرف سٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ کو تھیں،کوچ سمیت کوئی بھی اس بارے میں کچھ نہیں جانتا تھا لہٰذا ڈیرین لیہمین ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔