لاہور: پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور بلوچستان کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔
چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستانیت کی سوچ کا نام مسلم لیگ ہے جسے ایک پلیٹ فارم پر ہونا چاہئے کیونکہ پاکستان سب سے مقدم ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، بلوچستان میں بھی یہی سوچ پائی جاتی ہے اور ہماری پارٹی کی بلوچستان قیادت میں بھی سب کو ساتھ لے کر چلنے کا ہنر ہے، ہم سب نے مل کر پاکستان کیلئے کام کرنا ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بلوچستان اور وزیراعلیٰ بزنجو سے ہمارے دیرینہ، مضبوط اور دیرپا رشتے ہیں، ہمارے اور ان کے بزرگوں میں بھی قریبی تعلقات تھے، مسلم لیگ ایک سوچ کا نام ہے جو صرف پاکستان ہے، ہم سب نے پاکستان کو اہمیت دینی ہے اور ایسی سوچ رکھنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہئے کیونکہ یہ ملک ہے تو ہم سب بھی ہیں، بلوچستان کی قیادت کی بھی یہی سوچ ہے، ہمیں سب سے پہلے پاکستان اور پھر مسلم لیگی ذہن کو دیکھنا ہو گا اور ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
وزیراعلیٰ بزنجو نے کہا کہ چودھری صاحبان کے ساتھ عزت و احترام کا دیرینہ رشتہ ہے جو ہمیشہ رہے گا، پورے ملک کی طرح بلوچستان میں بھی چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی سیاسی بصیرت کی تعریف اور نہایت عزت کی جاتی ہے، یہ بھی سب کو عزت و محبت اور احترام دیتے ہیں، ہمارا ان سے عزت محبت کا پرانا رشتہ ہے اور ہم بلوچستان والے تو عزت دینے والوں کیلئے جان بھی قربان کر دیتے ہیں، پہلے میرے والد صاحب چودھری صاحبان کے ساتھ تھے میں 2001ء میں سیاست میں آنے کے بعد ان کے ساتھ رہا اور 2013ء میں بھی بلوچستان کے عوام نے ان کے ساتھ محبت کا اظہار کیا جو اب بھی ہے، ہم اس گھر کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اس موقع پر بلوچستان کے سینئر وزیر جعفر خان مندوخیل، کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ، شافع حسین، میاں منیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔