واشنگٹن: فیس بک کے صارفین کیلئے بری خبر۔ اب سے کچھ روز بعد کئی اہم سمارٹ فونز میں فیس بک میسنجر بند کر دیا جائے گا۔ یہ اعلان فیس بک نے اپنے آفیشل بلاگ کے ذریعے کیا ۔
بلاگ میں واضح کیا گیا کہ ونڈوز پر چلنے والے بعض اسمارٹ فونز، وی 55 اور اینڈروئیڈ وی 10 آلات استعمال کرنے والے فونز اور آلات کے لیے اس کی سپورٹ ختم ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ 10 اکتوبر 2011 یا اس سے پہلے کے آئی او ایس کے لیے بھی آئی پیڈ وی 26 اور میسنجر وی 8 کی سپورٹ بھی ختم کی جارہی ہے۔
کمپنی نے کہا ہے کہ ونڈوز فون 8 اور8.1 اور انہی ورڑن کی ڈیسک ٹاپ ایپ بھی اب نہیں چل سکیں گی۔ فیس بک نے اپنے تمام صارفین سے کہا ہے کہ وہ یکم اپریل سے ہونے والی ان تبدیلیوں کو نوٹ کرلیں۔ اپنے ایک پیغام میں فیس بک نے میسنجر استعمال کرنے والے تمام صارفین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مارچ کے اختتام کے بعد ان آئی او ایس سے بذریعہ میسنجر پیغام بھیج اور وصول نہیں کرسکیں گے۔
اس عمل کا دفاع کرتے ہوئے فیس بک نے اپنے بلاگ میں مزید کہا ہے کہ ہماری ٹیم نے دوستوں اور اہلِ خانہ سے رابطے کی سہولیات بہتر سے بہتر بنائی ہیں، ہم نے میسنجر پر وائس، ویڈیو کالنگ، گیمز اور بوٹس کے فیچرز کو بہتر سے بہتر بنایا ہے، اس لیے ایپ کے پرانے ورڑن کے ساتھ یا تو یہ سہولیات پوری طرح نہیں چل پائیں گی یا بالکل ہی بند ہوسکتی ہیں۔