اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کاکہنا ہےکہ ایسا ممکن نہیں کہ غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں۔
وزیر اعظم شہبا زشریف سے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے بعد ملاقات کی، وزیرِ اعظم نے بجٹ کی منظوری پر وزیرخزانہ کی ستائش کی۔ وزیر اعظم شہبا زشریف نے کہاکہ ایسا ممکن نہیں کہ غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں۔
ٹیکس نیٹ کی وسعت کے حوالے سے وزیرخزانہ سے دوران ملاقات شبہاز شریف نے کہا کہ اشرافیہ اور ٹیکس نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، ایسا ممکن نہیں کہ غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہے اور معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔
وزیرِ اعظم نے وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی، ایف بی آر اور تمام متعلقہ وزارتوں کے افسران کی بجٹ کی تیاری کیلیے کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں حکومت، اتحادی ارکان اور حزب اختلاف سب نے بھرپور حصہ لیا، امید کرتے ہیں بجٹ 2024-25 پاکستان کیلیے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، ترجیحی بنیادوں پر اداروں میں اصلاحات اور ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کی نجکاری کیلیے اقدامات کر رہے ہیں.