گیانا: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 68 رنز سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
گیانا کے پروویڈنس کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کےلیے 172 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں انگلش ٹیم اننگز کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
قبل ازیں بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی تاخیر سے ہوا، پاکستانی وقت کے مطابق میچ کا ٹاس 7 بجے ہونا تھا جبکہ میچ شروع ہونے کا وقت 7 بجکر 30 منٹ تھا تاہم بارش کے باعث میچ اپنے مقررہ وقت پر شروع نہ ہوسکا، میچ کا ٹاس 8 بجکر 10 منٹ پر ہوا جبکہ میچ کا آغاز 8 بجکر 45 منٹ پر ہوا اور انگلش کپتان جوش بٹلر نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروکس 25، جوز بٹلر 23، جوفرا آرچر 21 اور لیونگ اسٹون 11 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ کوئی بھی دوسرا کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہوسکا۔بھارت کی جانب سے اکشر پٹیل اور کلدیپ یادیو نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپرت بمرا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اکشر پٹیل کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان کل کھیلا جائے گا۔