اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے ۔
پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2018 میں پی ٹی آئی کو اقتدار ملا تو معیشت دیوالیہ پن کے کنارے کھڑی تھی ، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کے باوجود عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتے میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی ، تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے ۔ کہا تھا کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدمِ استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی ۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر سازش پر احتجاج کریں گے ۔ پاکستان کی مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لیے واحد راستہ انتخابات ہیں ۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں 2 جولائی کو تاریخی جلسے کے انعقاد پر گفتگو ہوئی ۔ حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ عمران خان نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی پر عوام کی ترجمانی کی خصوصی ہدایت کی ۔